ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گورنر سیاست نہ کرکے آئینی عہدے کا احترام کریں: نانا پٹولے

گورنر سیاست نہ کرکے آئینی عہدے کا احترام کریں: نانا پٹولے

Wed, 29 Dec 2021 12:35:29    S.O. News Service

ممبئی،29؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) مہاراشٹر  وکاس اگھاڑی حکومت اسمبلی اسپیکر کا انتخاب ضابطے کے مطابق کرنا چاہتی تھی۔ قانون میں تبدیلی کر ناقانون سازکونسل کا حق ہے جس میں آئین کے خلاف کچھ بھی نہیں ہے۔ گورنر سیاست نہ کرتے ہوئے آئینی عہدے کا احترام کریں۔ یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہیں۔

گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناناپٹولے نے مزید کہا کہ اسمبلی اسپیکر کے عہدہ سے متعلق گورنر کو مکتوب بھیج کر پوری کارروائی کی جانکاری دی گئی۔ حکومت نے اس بات کا خیال رکھا تھا کہ کہیں بھی گورنر کے عہدے کی توہین نہ ہو۔ اسپیکر کے عہدے کے انتخاب کا پورا عمل ایک ہی دن میں مکمل ہوسکتا تھا لیکن آخری دن صبح ہی صبح گورنر نے دوبارہ مکتوب بھیجا۔ کوئی قانونی تنازعہ نہ پیدا ہو اس غرض سے مہاوکاس اگھاڑی حکومت نے اسمبلی اسپیکر کے عہدے کا انتخاب اس اجلاس میں کرانے سے گریز کرتے ہوئے فروری میں ہونے والے بجٹ اجلاس کے دوران کرائے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے ریاست میں صدر راج نافذ کرنے کی دھمکی دی جا رہی ہے لیکن اپوزیشن کسی بھرم میں نہ رہے۔ مہاوکاس اگھاڑی حکومت اس طرح کی دھمکیوں سے ذرا بھی خوفزدہ نہیں ہوتی۔ بی جے پی نے گورنر کے ذریعے اسمبلی اسپیکر کے انتخاب میں رکاوٹ ڈالی۔ کورونا کی وجہ سے اب تک ہونے والے اجلاس مختصر رہے اس لیے اسپیکر کا انتخاب نہیں ہو سکا۔ اس بار یہ عمل مکمل ہو سکتا تھا لیکن بی جے پی نے اس میں رکاوٹ ڈالی۔ اس سے بی جے پی کا دوہرا کردار بے نقاب ہو گیا ہے۔ پٹولے نے یہ بھی کہا کہ چونکہ حکومت کے پاس 174 کی اکثریت ہے، اس لیے صوتی ووٹنگ پر اپوزیشن کے اعتراضات میں کوئی سچائی نہیں ہے۔


Share: